میسورو،20؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کے تاریخی شہر میسورو کے ایک پرائیویٹ کالج نے جمعہ کو کالج کیمپس اور کلاس روم میں باحجاب خواتین کو راحت فراہم کرتے ہوئے مسئلہ کی جڑ یعنی’ یونیفارم کوڈ ‘ کو ہی رد کردیا اورطالبا ت سے اپیل کی کہ وہ کلاس روم میں واپس آئیں اور اپنا تعلیمی سفر جاری رکھیں۔ بتایا گیا ہے کہ کالج انتظامیہ نے مسلم طالبات سے کہا کہ وہ کلاس رومز میں واپس آئیں کیوں کہ ان کا تعلیمی نقصان کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ کالج انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 2روز سے انہوں نے بھی با حجاب طالبا ت کو کیمپس میں داخل ہونے سے روکا تھا لیکن گزشتہ روز کچھ طالبات کے احتجاج نے اُنہیں یہ احساس دلایا کہ انہیں روکنے سے تعلیم کا ہی نقصان ہو گا۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ یونیفارم کو ہی رد کردیا جائے جس سے ہمیں با حجاب طالبا ت کو داخلہ دینے میں آسانی ہو گی۔
میسور وکے ڈی ڈی پی یو ڈی کے شری نواس مورتی نے بتایا کہ جمعہ کو چار طالبات نے بغیر حجاب کے کلاسیز میں جانے سے انکار کردیا تھا اور احتجاج کرنے لگیں۔کچھ تنظیموں نے انہیں حمایت دی۔ میں نے آج کالج کا دورہ کیا اور سبھی سے تبادلہ خیال کیا۔ اس درمیان، کالج انتظامیہ نے اعلان کیا کہ یونیفارم رول کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔